ٹینیسی : امریکی ریاست ٹینیسی (Tennessee) کے دیہی علاقے میک ایون (McEwen) میں ایک فوجی اسلحہ ساز فیکٹری میں خوفناک دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک اور کئی لاپتہ ہوگئے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق دھماکا صبح 7 بج کر 45 منٹ پر Accurate Energetic Systems نامی کمپنی کی عمارت میں ہوا، یہ کمپنی دفاعی، ہوابازی اور تخریبی (demolition) مقاصد کے لیے استعمال ہونے والے دھماکہ خیز مواد تیار کرتی ہے۔
ہمفریز کاؤنٹی کے شیرف کرس ڈیوس (Chris Davis) نے نیوز کانفرنس میں بتایا کہ دھماکا انتہائی تباہ کن نوعیت کا تھا، جس نے پورے ایک بلڈنگ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، ہمارے پاس اس وقت کئی افراد ایسے ہیں جو لاپتہ ہیں، ہم تصدیق کر سکتے ہیں کہ کچھ افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔ اب ہمارا پہلا ہدف ان کے اہل خانہ کو آگاہ کرنا اور مکمل شناخت کا عمل مکمل کرنا ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکے کے مقام پر آگ بھڑک اٹھی جس کے باعث امدادی کارروائیاں مشکلات کا شکار رہیں، فیکٹری میں موجود مواد کی نوعیت کے باعث مزید چھوٹے دھماکوں کا خدشہ موجود ہے، بڑا دھماکا دوبارہ ہونے کا امکان کم ہے۔
واقعے کے بعد ہنگامی خدمات، فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیموں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے جبکہ کمپنی کے ترجمان کے مطابق Accurate Energetic Systems مکمل طور پر حکام سے تعاون کر رہی ہے۔
حکام نے بتایا کہ لاپتہ افراد کی تلاش اور ہلاک شدگان کی شناخت کا عمل جاری ہے، جب کہ ابتدائی طور پر حادثے کی وجہ تاحال سامنے نہیں آسکی۔
خیال رہےکہ یہ پہلا موقع نہیں جب میک ایون کے صنعتی علاقے میں دھماکہ خیز مواد تیار کرنے والی فیکٹری میں حادثہ پیش آیا ہو، ماضی میں بھی اسی کمپنی میں معمولی نوعیت کے دھماکے رپورٹ ہوچکے ہیں، اس بار نقصان کی شدت کہیں زیادہ بتائی جا رہی ہے۔