پاکستان علما کونسل کے چیئرمین علامہ طاہر اشرفی نے افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی کے حالیہ بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت میں بیٹھ کر افغان وزیر خارجہ پاکستان کو دھمکیاں دے رہے ہیں، لیکن وہ یہ یاد رکھیں کہ نہ ہم سوویت یونین ہیں، نہ امریکا، نہ برطانیہ اور نہ ہی نیٹو — ہم پاکستان ہیں۔
علامہ طاہر اشرفی نے بھارت کے دورے پر موجود امیر خان متقی کے اشتعال انگیز بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے نہ کبھی افغانستان میں مداخلت کی ہے اور نہ ہی قبضے کا ارادہ رکھتا ہے، ہمارا صرف یہی مطالبہ ہے کہ افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہونے دیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جس طرح پاک فوج نے سخت جواب دیا، یہ صرف شروعات ہے۔ افغان طالبان کو چاہیے کہ وہ بھارت کے خلاف پاکستان کی تاریخ سے سبق سیکھیں۔
انہوں نے ایک بار پھر دوہرایا کہ بھارت میں بیٹھ کر دھمکیاں دینا ناقابل قبول ہے۔ ہم ایک خودمختار اور مضبوط ملک ہیں، اور کسی بھی قسم کی دھمکی کا مناسب جواب دینا جانتے ہیں۔