ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

بابو صابو میں پاکستان کا سب سے بڑا گندے پانی صاف کرنے کا منصوبہ منظور

لاہور: ایگزیکٹیو کمیٹی آف نیشنل اکنامک کونسل (ایکنک) نے لاہور کے علاقے بابو صابو میں ملک کے سب سے بڑے ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کے قیام کی باضابطہ منظوری دے دی ہے، جو ماحولیاتی تحفظ، صاف پانی کی فراہمی اور دریائے راوی کی بحالی کی جانب ایک تاریخی قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

میڈیا رپورٹس کےمطابق ترجمان واٹر اینڈ سینیٹیشن ایجنسی (واسا)  نے کہاکہ بابو صابو ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ روزانہ 88 ملین گیلن گندے پانی کی صفائی کی صلاحیت کا حامل ہوگا،  یہ منصوبہ فرانسیسی ترقیاتی ادارے فرینچ ڈیولپمنٹ ایجنسی (AFD) کے تعاون سے مکمل کیا جائے گا جب کہ اس پر تقریباً 52 ارب روپے لاگت آئے گی۔

ترجمان کے مطابق منصوبہ ایکٹیویٹڈ سلج ٹریٹمنٹ پر مبنی جدید ترین ٹیکنالوجی کے ذریعے تعمیر کیا جائے گا تاکہ سیوریج کے پانی کو ماحول دوست انداز میں صاف کیا جا سکے، پہلے مرحلے میں کینٹ ڈرین، ملتان روڈ اور گلشن راوی کے علاقوں کا گندہ پانی ٹریٹمنٹ پلانٹ کے ذریعے صاف کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ منصوبے کے لیے زمین پہلے ہی حاصل کی جا چکی ہے اور یہ لاہور کے اسٹریٹیجک ماحولیاتی تحفظ کے منصوبوں میں سے ایک سمجھا جا رہا ہے،  اس کی تکمیل سے شہر کی ماحولیاتی پائیداری میں نمایاں بہتری آئے گی، زیرِ زمین پانی کے معیار میں اضافہ ہوگا اور دریائے راوی کو صنعتی اور گھریلو فضلے سے آلودگی سے بچایا جا سکے گا۔

ایم ڈی واسا لاہور غفران احمد نے منصوبے کو ایک تاریخی سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پلانٹ نہ صرف دریائے راوی کے تحفظ میں مددگار ثابت ہوگا بلکہ لاہور کے شہریوں کو ایک صاف، پائیدار اور ماحول دوست مستقبل دینے کی بنیاد رکھے گا۔”

انہوں نے مزید کہا کہ واسا لاہور اس منصوبے کو عالمی ماحولیاتی معیار کے مطابق مکمل کرے گا تاکہ آنے والی نسلوں کے لیے صاف پانی اور صحت مند ماحول یقینی بنایا جا سکے،

یہ منصوبہ پاکستان میں ماحولیاتی ترقی اور پائیدار شہری منصوبہ بندی کے حوالے سے ایک مثالی قدم سمجھا جا رہا ہے جو لاہور کو ایک گرین سٹی بنانے کی جانب اہم پیش رفت ہے۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں