ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

پاک افغان کشیدگی: خیبر پخونخوا سے مزید 5 کیمپ خالی، 50 ہزار سے زائد افراد کی واپسی

پاک افغان کشیدگی کے تناظر میں خیبرپختونخوا کے اضلاع مردان اور صوابی میں قائم افغان مہاجرین کے 5 کیمپ مکمل طور پر خالی کرالیے گئے ہیں۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق  مردان میں قائم جلالہ، کاگان اور باغیچہ کیمپ جب کہ صوابی میں 2 دیگر کیمپوں کو مہاجرین سے خالی کرایا گیا ہے۔

محکمہ افغان کمشنریٹ کے مطابق ان پانچ کیمپوں میں مقیم مجموعی طور پر 8,990 خاندانوں پر مشتمل 52,125 افغان شہری اپنے وطن واپس روانہ ہو گئے ہیں۔ مقامی انتظامیہ کے مطابق یہ عمل حکومتی پالیسی کے تحت منظم انداز میں مکمل کیا گیا، جس کے دوران نقل مکانی کرنے والے مہاجرین کو بنیادی سہولیات فراہم کی گئیں۔

ذرائع نے بتایا کہ کمشنر مردان نے اس سلسلے میں تفصیلی رپورٹ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کو ارسال کردی ہے، جس میں کیمپ خالی کرانے کے عمل، واپس جانے والے خاندانوں کی تعداد اور ان کے سفری انتظامات سے متعلق تفصیلات شامل ہیں۔

افغان کمشنریٹ نے خالی کرائے گئے تمام کیمپوں کے انتظامی امور کمشنر مردان کے حوالے کر دیے ہیں، جو اب ان مقامات کو حکومتی تحویل میں لے کر آئندہ کے استعمال سے متعلق فیصلہ کریں گے۔

واضح رہے کہ حالیہ ہفتوں میں دونوں ممالک کے درمیان تناؤ میں اضافہ ہوا ہے، جس کے باعث پاکستان میں موجود افغان شہریوں کی واپسی کے عمل میں تیزی آئی ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں