ریاض: سعودی عرب میں آبِ زم زم کے حصول کے لیے سہولت کا آغاز کردیا گیا ہے۔
عالمی نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق وزارت حج و عمرہ ہمیشہ خدمات کے معیار کو بہتر کرنے کے لیے کوشاں رہتا ہے۔ مذکورہ ضمن میں نسک پلیٹ فارم پر آب زم زم کی چھوٹی بوتلیں (330 ملی لیٹر) حاصل کرنے کی سہولت فراہم کی گئی۔ مقامی میڈیا کے مطابق وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے زم زم من نسک سروس کا باقاعدہ افتتاح کردیا۔ مذکورہ حوالے سے اعلیٰ حکام کا کہنا ہے کہ آبِ زم زم کی چھوٹی بوتلیں نسک کے ذریعے ملک کے کسی بھی شہر سے طلب کی جا سکتی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق نسک پر مطلوبہ تعداد کی بکنگ کرنے کے بعد جہاں ڈلیوری درکار ہے، اس جگہ کا نیشنل ایڈریس ارسال کرنا ہوگا۔ واضح رہے کہ دیے گئے ایڈریس پر پلیٹ فارم کے ذریعے بک کی گئی آب زم زم کی چھوٹی بوتلوں کا کارٹن محفوظ طریقے سے پہنچا دیا جاتا ہے۔