مظفرآباد:۔ مسلم لیگ (ن) نے آزاد کشمیر حکومت سے علیحدگی کا اعلان کر دیاہے اور صدر مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر شاہ غلام قادر نے کہا ہے کہ اگر پیپلز پارٹی تحریک عدم اعتماد لاتی ہے تو یہ ان کا جمہوری حق ہے، (ن) لیگ کسی نئی حکومت کا حصہ نہیں بنے گی۔
ایک بیان میں صدر مسلم لیگ آزاد کشمیر نے کہا کہ کسی غیر فطری حکومت سازی کا حصہ نہیں بنیں گے۔ مسلم لیگ (ن) اب اپوزیشن میں بیٹھے گی۔ جو بھی جماعتی پالیسی سے انحراف کرے گا، پارٹی کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا۔
شاہ غلام قادر نے کہا کہ نئی حکومت صرف شفاف عام انتخابات سے ہی ممکن ہے۔ مسلم لیگ ن آزاد کشمیر مہاجرین اور بیرون ملک کشمیریوں کی فلاح کے لیے سرگرم ہے۔ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر ایک منظم اور مقبول جماعت کے طور پر ابھری ہے۔ہم آئینی و سیاسی بحران کے حل میں مثبت کردار ادا کرتے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں مضبوط حکومت صرف عام انتخابات سے قائم ہو سکتی ہے۔نواز شریف اور شہباز شریف کی قیادت میں بھرپور انتخابی مہم چلائیں گے۔