افریقی ملک یوگنڈا میں خوفناک ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے جس میں کم از کم 46 افراد ہلاک جب کہ درجنوں زخمی ہیں۔
عالمی میڈیا کے مطابق یہ حادثہ دارالحکومت کمپالا اور شمالی شر گلو کے درمیان ہائی وے پر منگل اور بدھ کی درمیانی شب پیش آیا۔ جب مخالف سمت میں آنے والی بسیں کار اور ٹرک کو اوور ٹیک کرنے کے دوران ایک دوسرے سے ٹکرا گئیں جب کہ اسی دوران متعدد گاڑیاں بے قابو ہو کر بھی ایک دوسرے سے ٹکرا گئیں۔
پولیس کے مطابق اس خوفناک حادثے میں 46 افراد اپنی جان سے گئے جب کہ درجنوں افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ کمپالا گلو ہائی وے یوگنڈا کی مصروف ترین شاہراہوں میں سے ایک ہے، جو دارالحکومت کو شمالی یوگنڈا کے سب سے بڑے قصبے سے جوڑتی ہے۔
دوسری جانب پولیس کے مطابق ہر سال یوگنڈا میں حادثات کی شرح بڑھتی جا رہی ہے۔ گزشتہ سال 2024 میں سڑک حادثات میں مجموعی طور پر 5144 افراد ہلاک ہوئے تھے جب کہ اس سے قبل 2023 میں 4806 جب کہ 2022 میں 4534 افراد کی ٹریفک حادثات میں جان گئی تھی۔