محکمہ موسمیات نے جنوب مشرقی بحیرہ عرب میں موجود ہوا کے کم دباؤ سے متعلق دوسری ٹراپیکل سائیکلون (ٹی سی) واچ الرٹ جاری کر دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران یہ موسمی دباؤ بتدریج سست رفتاری کے ساتھ شمال اور شمال مشرقی سمت میں منتقل ہوا ہے۔ تازہ ترین مشاہدات کے مطابق یہ سسٹم اس وقت کراچی کے جنوب مشرق میں تقریباً 1690 کلومیٹر کی دوری پر واقع ہے، جب کہ بھارت کے علاقے لکش دیپ کے مغرب اور جنوب مغرب میں تقریباً 570 کلومیٹر کے فاصلے پر موجود ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، ابتدائی ماڈلز سے ظاہر ہوتا ہے کہ اگلے 24 گھنٹوں کے دوران یہ دباؤ مزید شمال مشرقی سمت میں بڑھنے کا امکان ہے، تاہم فی الحال اس سے پاکستان کے کسی ساحلی علاقے کو براہِ راست کوئی خطرہ لاحق نہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال میں کسی طوفان کی شدت اختیار کرنے کا امکان تو موجود ہے، لیکن اس کا رخ پاکستان کے ساحلوں کی طرف نہیں بلکہ بھارتی ساحلی پٹی کی جانب رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو اطمینان دلاتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی، سندھ یا بلوچستان کے ساحلی علاقوں کے لیے فی الحال کسی قسم کی وارننگ جاری نہیں کی گئی۔ اس کے باوجود سائیکلون وارننگ سینٹر کراچی کی جانب سے اس سسٹم کی باقاعدہ اور مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ اگر موسمی حالات میں کوئی غیر متوقع تبدیلی واقع ہو تو بروقت انتباہ جاری کیا جا سکے۔