لاہور: پاکستان پیپلزپارٹی نے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں ان ہائوس تبدیلی لانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
سیکرٹری اطلاعات پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر میں پیپلزپارٹی اپنی حکومت بنانے جارہی ہے، آصف زرداری نے آزاد کشمیر میں حکومت بنانے کی منظوری دے دی ، بلاول زرداری پیر کے روز حکومت سازی کا باقاعدہ اعلان کریں گے۔
اس سے قبل صدر مملکت آصف علی زرداری سے آزاد جموں و کشمیر پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے پارلیمانی رہنمائوں نے ایوانِ صدر میں ملاقات کی۔
ہفتہ کو ایوان صدر کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران آزاد جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے کردار اور سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری، پیپلز پارٹی خواتین وِنگ کی صدر فریال تالپور اور پارٹی کے دیگر سینئر رہنما بھی موجود تھے۔
پیپلزپارٹی آزاد جموں کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد رہنماءپیپلزپارٹی قمر زمان کائرہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اجلاس میں آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال اور عوامی ایشوز پر بات چیت کی گئی۔
اجلاس میں تمام ممبران نے کھل کر چیئرمین بلاول کو آگاہ کیا، اب صدر مملکت آصف زرداری سے مشاورت کریں گے، ن لیگ کا فیصلہ ہم نے سنا ہے کہ ن لیگ نے اپوزیشن میں بیٹھنے کا فیصلہ کیا ہے لیکن ہمیں ن لیگ نے باضابطہ آگاہ نہیں کیا۔
جب کسی جماعت کے پاس نمبرز پورے ہیں تو پھر ہی حکومت بنائی جاتی ہے۔ مزید برآں ن لیگ آزاد کشمیر کے صدر غلام قادر نے کہا تھا کہ اگر پیپلز پارٹی تحریک عدم اعتماد لاتی ہے تو یہ ان کا جمہوری حق ہے، تاہم ن لیگ کسی غیر فطری حکومت سازی کا حصہ نہیں بنے گی۔
غلام قادر نے مزید کہا تھا کہ ن لیگ اب اپوزیشن میں بیٹھے گی ، پارٹی پالیسی سے انحراف کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی، اور نئی حکومت صرف شفاف عام انتخابات کے ذریعے ہی ممکن ہے۔