اسلام آباد:۔ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ کسی نے اسلام آباد کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو آنکھیں نکال دیں گے۔ کابل حکومت نے جو پتلی تماشہ لگایا وہ نئی دلی سے کنٹرول ہو رہا تھا۔
ایک بیان میں وزیر دفاع نے کہا کہ بھارت نے کابل کے ذریعے پاکستان کے خلاف پراکسی جنگ شروع کر رکھی ہے۔ مذاکرات کا اختیار کابل حکومت کے پاس نہیں۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ طالبان حکومت کا کنٹرول پورے افغانستان پر نہیں ہے۔ مجھے ان باتوں کا اندازہ مذاکرات کی پہلی نشست میں ہوگیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ قطر اور ترکیے جیسے دوست پاکستانی موقف کے قریب ہیں۔ طالبان وفد5 دفعہ یقین دہانیاں کرانے کے بعد پیچھے ہٹ گیا۔
انہوں نے کہاکہ 40سال ہمارے مہمان رہے پھر بھی کابل کی آنکھوں میں شرم نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کے جن حکمرانوں نے طالبان کی حمایت کی ان پر مقدمہ چلنا چاہیے۔ بھارت اپنی ذلت اور شکست کا بدلہ کابل کے ذریعے لیناچاہتاہے۔