سکھر کی احتساب عدالت نے پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کا کیس ایف آئی اے عدالت منتقل کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
خورشید شاہ کے صاحبزادے ایم پی اے فرخ شاہ وکیل محفوظ اعوان کے ساتھ عدالت میں پیش ہوئے، سماعت مکمل ہونے کے بعد جج غلام یاسین کولاچی نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ریفرنس نیب سے ایف آئی اے عدالت منتقل کرنے کی منظوری دے دی۔
اس سے قبل نیب نے 6 سال بعد 19 کروڑ سے زائد مالیت کا حتمی چالان جمع کرایا تھا اور اثاثوں کی مالیت ایک ارب 23 کروڑ سے کم ہونے کی بنیاد پر کیس ایف آئی اے منتقل کرنے کی درخواست دی تھی، تاہم خورشید شاہ کے وکیل نے کیس اینٹی کرپشن میں بھیجنے کی استدعا کی تھی۔ یاد رہے کہ اس ریفرنس میں خورشید شاہ، ان کے بیٹے فرخ شاہ، زیرک شاہ، اور اسپیکر سندھ اسمبلی اویس شاہ سمیت 18 افراد نامزد ہیں۔