پیرس: فرانس کے مغربی ساحل سے دور واقع سیاحتی جزیرے اولیرون (Oléron) میں ایک دل دہلا دینے والے واقعے میں ایک شخص نے اپنی گاڑی راہگیروں اور سائیکل سواروں پر چڑھا دی، جس کے نتیجے میں 5 افراد زخمی ہوگئے، جن میں سے 2 کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق 35 سالہ مقامی شخص نے جان بوجھ کر اپنی گاڑی لوگوں پر دوڑائی بعد ازاں گاڑی کو آگ لگا دی، پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے حملہ آور کو گرفتار کر لیا، جس کے خلاف قتل کی کوشش کا مقدمہ درج کیا گیا ہے،
واقعہ صبح 8 بج کر 45 منٹ پر شروع ہوا اور تقریباً 35 منٹ تک جاری رہا۔ اس دوران کئی افراد خوف و ہراس میں اپنی جان بچانے کے لیے ادھر ادھر بھاگتے رہے۔
فرانسیسی وزیرِ داخلہ جیرالڈ دارمنین جائے وقوعہ پر پہنچے اور صحافیوں کو بتایا کہ تحقیقات جاری ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا ملزم کی گاڑی میں گیس سلنڈر موجود تھے یا نہیں۔
وزیرِ داخلہ کے مطابق ملزم کے پولیس ریکارڈ میں چھوٹے جرائم درج ہیں، تاہم اس کا کسی شدت پسند تنظیم یا انتہا پسندی کے نظریات سے کوئی تعلق نہیں پایا گیا، کئی دیگر افراد جسمانی طور پر محفوظ رہے مگر انہوں نے یہ خوفناک منظر اپنی آنکھوں سے دیکھا، جس کے باعث وہ نفسیاتی طور پر شدید متاثر ہیں۔
حکام کے مطابق زخمیوں میں ایک 22 سالہ خاتون شامل ہے جو متعدد زخموں کے باعث نازک حالت میں ہے، جبکہ دوسرا شدید زخمی 69 سالہ سائیکل سوار ہے، پولیس اور فرانسیسی تحقیقاتی ادارے واقعے کے محرکات اور حملہ آور کے پس منظر کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ یہ اقدام کسی ذاتی تنازع کا نتیجہ تھا یا کسی بڑے منصوبے کا حصہ۔