سنی اتحاد کونسل کے مرکزی رہنما اور رکنِ قومی اسمبلی صاحبزادہ حامد رضا کو فیصل آباد میں پولیس نے گرفتار کرلیا، حامد رضا متعدد مقدمات میں پولیس کو مطلوب اور عدالت سے سزا یافتہ تھے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ انہیں گرفتار کر کے فیصل آباد سینٹرل جیل منتقل کردیا گیا ہے، ان پر احتجاجی تحریکوں کے دوران حساس اداروں پر حملوں کے مقدمات درج تھے، جن میں مقامی عدالت نے انہیں 40 سال قید کی سزا سنائی تھی۔
ذرائع کے مطابق پولیس کو ان کی گرفتاری کے لیے کافی عرصے سے کوششیں جاری تھیں تاہم وہ تاحال گرفتاری سے بچتے رہے۔
واضح رہے کہ صاحبزادہ حامد رضا نے رواں سال ستمبر میں تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان کے سیکریٹری اطلاعات کے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے یہ فیصلہ پارٹی کی ہدایت پر کیا۔