اسلام آباد : نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے 27ویں آئینی ترمیم کی منظوری کو تاریخی پیشرفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئینی عدالت کا قیام عدالتی نظام میں بہتری کی جانب اہم قدم ہے۔ سینیٹ اجلاس کے وقفے کے دوران میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے تمام سینیٹرز، اتحادی جماعتوں اور آزاد اراکین کو مبارکباد پیش کی۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ میثاقِ جمہوریت میں آئینی عدالت کے قیام کی شق شامل تھی، اور اب اس کا عملی نفاذ ایک بڑی کامیابی ہے۔ آئینی عدالت کی دیگر عدالتوں سے علیحدگی خوش آئند تبدیلی ہے جبکہ چیف جسٹس اور تمام ججز کی سنیارٹی برقرار رہے گی۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ یہ بل قومی اتفاقِ رائے اور مشاورت کا نتیجہ ہے۔ دنیا کے کئی ممالک میں آئینی عدالتیں موجود ہیں، پاکستان میں بھی یہ نظام عدالتی اصلاحات کے لیے سنگِ میل ثابت ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اے این پی نے ایک بار پھر صوبے کا نام صرف ’’پختونخوا‘‘ رکھنے کا مطالبہ کیا ہے، اس پر مزید مشاورت ہوگی۔ اسی طرح ایم کیو ایم کی پیش کردہ بلدیاتی نظام سے متعلق ترامیم پر بھی غور جاری ہے۔