اردن کے فرمانروا شاہ عبد اللہ دوم پاکستان کے دو روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اردن کے فرمانروا شاہ عبد اللہ دوم دو روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے۔ پاکستانی فضائی حدود میں آمد کے موقع پر پاک فضائیہ کے طیاروں نے شاہی طیارے کو حفاظتی حصار فراہم کیا۔
نور خان ایئر بیس پر صدرِ مملکت آصف زرداری اور وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے شاہ عبد اللہ کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزرا، خاتون اوّل آصفہ بھٹو زرداری اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی موجود تھے۔
شاہ عبد اللہ وزیراعظم کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں اور ائیرپورٹ سے وزیرِاعظم ہاؤس پہنچنے پر انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق یہ دورہ دونوں ملکوں کے برسوں پر محیط برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے اور اس سے پاکستان اور اردن کے تعلقات کی اسٹریٹجک سمت مزید مستحکم ہوگی۔
دورے کے دوران شاہ عبد اللہ صدر اور وزیراعظم سے ملاقاتیں کریں گے، جبکہ ایوان صدر میں انہیں پاکستان کا اعلیٰ ترین سول ایوارڈ بھی دیا جائے گا۔