اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی فعال ہے اور ملک کا مؤقف دنیا کے سامنے رکھنے میں وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کا اہم کردار ہے۔
صنوبر انسٹیٹیوٹ کے زیر اہتمام “بدلتی دنیا میں پاکستان کا کردار” کے عنوان سے مباحثے کے دوران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 90 ہزار انسانی جانوں کی قربانی دی۔ انہوں نے بھارتی جارحیت کے منہ توڑ جواب دینے پر بھی روشنی ڈالی اور بتایا کہ جنگ کے دوران پاکستان کے بیانیے کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے میں حکومت اور مسلح افواج کی قیادت نے کلیدی کردار ادا کیا۔
عطا تارڑ نے کہا کہ حکومتی اقدامات کی بدولت معیشت مستحکم ہوئی اور عالمی مالیاتی اداروں نے پاکستان کی معاشی بہتری کا اعتراف کیا۔
انہوں نے سعودی عرب کے ساتھ تاریخی دفاعی معاہدے کو اہم کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ دوست ملکوں کے ساتھ تجارت اور مختلف شعبوں میں تعاون میں اضافہ ہوا ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان نے سفارتی سطح پر بھی اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں، جن میں ایس سی او کانفرنس کی 14 سال بعد کامیاب میزبانی شامل ہے، جس میں دنیا بھر کے سربراہان مملکت نے شرکت کی اور پاکستان کے عالمی اثر و رسوخ کو تقویت ملی۔