دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے رواں سال کے مسافروں سے متعلق تازہ اعدادوشمار جاری کر دیے ہیں۔
حکام کے مطابق ایئرپورٹ نے سال کے ابتدائی نو ماہ میں 32 لاکھ پاکستانی مسافروں کو خوش آمدید کہا، اور دبئی کا استعمال کرنے والے مسافروں میں پاکستانی چوتھے نمبر پر رہے۔ پاکستانی شہری سیاحت، کاروبار، ملازمت کے مواقع، خاندانی ملاقاتوں اور یورپ، مشرقِ وسطیٰ و امریکا کے لیے ٹرانزٹ کے طور پر دبئی کا رخ کرتے ہیں۔
پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان فضائی سفر میں دبئی ایئرپورٹ کو مرکزی مقام حاصل ہے۔
جولائی سے ستمبر کے درمیان 2 کروڑ 42 لاکھ مسافروں نے دبئی ایئرپورٹ کا استعمال کیا، جو گزشتہ سال کی نسبت 1.9 فیصد زیادہ ہے۔ یہ تعداد ایئرپورٹ کی 65 سالہ تاریخ میں آنے جانے والے مسافروں کا نیا ریکارڈ بھی ہے۔
جنوری سے ستمبر تک دبئی ایئرپورٹ سے گزرنے والے مسافروں کی مجموعی تعداد 7 کروڑ 1 لاکھ رہی، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 2.1 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ 12 ماہ کے دوران مسافروں کی تعداد 9 کروڑ 38 لاکھ تک پہنچ گئی، جسے ایک نیا سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
بین الاقوامی سطح پر دبئی ایئرپورٹ استعمال کرنے والوں میں بھارت 88 لاکھ مسافروں کے ساتھ پہلے نمبر پر رہا، جبکہ 55 لاکھ سعودی اور 46 لاکھ برطانوی مسافروں نے بھی دبئی ایئرپورٹ کے ذریعے سفر کیا۔
اعدادوشمار کے مطابق دبئی ایئرپورٹ کی کارکردگی بھی متاثر کن رہی۔ بیرونِ ملک روانہ ہونے والے 99.6 فیصد مسافروں کی امیگریشن 10 منٹ میں مکمل ہوئی، جبکہ دبئی پہنچنے والے 99.8 فیصد مسافروں کا امیگریشن پراسیس 15 منٹ میں مکمل ہوا۔
ایئرپورٹ حکام نے بتایا کہ ٹرمینل ون اور ٹرمینل تھری میں توسیعی کام جاری ہیں تاکہ بڑھتے ہوئے مسافروں، خصوصاً جنوبی ایشیائی شہریوں، کی ضروریات کو بہتر طور پر پورا کیا جا سکے۔