ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

الاسکا 64 دن کیلئے سورج سے محروم

الاسکا کے انتہائی شمالی شہر اُتقیاغوِک میں رواں سال کا آخری سورج غروب ہو چکا ہے، جس کے بعد یہ امریکی بستی تقریباً 64 روز تک سورج کی روشنی سے محروم رہے گی۔

آرکٹک سرکل میں شروع ہونے والی قطبی رات کے باعث اب 22 جنوری 2026 تک سورج افق سے اوپر نہیں آئے گا، البتہ شہر مکمل تاریکی میں نہیں ڈوبے گا۔ ہر روز چند گھنٹے کے لیے سیول ٹوائِلائٹ کی ہلکی نیلی روشنی دکھائی دیتی رہے گی، جو عام طور پر فجر سے قبل نظر آتی ہے۔

زمین کے محوری جھکاؤ کے باعث اس عرصے میں سورج کی شعاعیں اُتقیاغوِک تک نہیں پہنچ پاتیں۔ فیئربینکس سے تقریباً 500 میل شمال مغرب میں واقع اس شہر کی آبادی لگ بھگ 4,400 ہے، جبکہ اس کے علاقے میں ایسے تاریخی آثار بھی ملتے ہیں جو 500 عیسوی کی تہذیب سے وابستہ سمجھے جاتے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 18 نومبر کو سورج غروب ہونے کے بعد اب شہر شدید سرد اور تاریک موسم میں داخل ہو گیا ہے۔ سورج کی روشنی نہ ملنے کے باعث آرکٹک خطے میں درجہ حرارت تیزی سے گر جاتا ہے اور موسم انتہائی سخت ہو جاتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ قطبی رات کا یہ طویل دور قطبی بھنور کی تشکیل میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔ سورج نہ ہونے کی وجہ سے ٹروپوسفیئر کے اوپر موجود فضا شدید ٹھنڈی ہو جاتی ہے، اور کبھی کبھار یہ برفانی ہوائیں اسٹریٹوسفیئر سے نیچے اتر کر امریکا کے دیگر علاقوں تک پھیل جاتی ہیں، جس سے سخت سردی اور برف باری کی لہریں پیدا ہوتی ہیں۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ جس طرح سردیوں میں اُتقیاغوِک کے 60 سے زائد دن تاریکی میں گزرتے ہیں، وہیں گرمیوں میں صورتحال بالکل برعکس ہوتی ہے۔ گرم موسم میں یہاں تقریباً تین ماہ تک سورج غروب نہیں ہوتا اور شہر 84 دن تک مسلسل روشنی میں نہاتا رہتا ہے۔ اسی دوران یہاں امریکا کی سب سے شمالی امریکن فٹبال ٹیم، بیرو ہائی اسکول، اپنے ہوم میچز بھی کھیلتی ہے۔

شہر میں اگلا طلوعِ آفتاب 26 جنوری 2026 کو دوپہر 1:23 بجے متوقع ہے، جب دو ماہ طویل تاریکی کا یہ مرحلہ اختتام پذیر ہوگا۔

 

  • ویب ڈیسک
  • مقصود بھٹی

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں