قاہرہ : غزہ میں جاری کشیدگی اور جنگ بندی معاہدے پر بڑھتے ہوئے تحفظات کے باعث حماس کا ایک اعلیٰ سطح وفد ثالث ممالک سے مذاکرات کے لیے مصر کے دارالحکومت قاہرہ پہنچ گیا ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق حماس اور مصری سیکیورٹی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ وفد قاہرہ میں مصر، قطر اور امریکا کے نمائندوں سے ملاقات کرے گا۔
حماس کے ایک سینئر عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ وفد کا بنیادی مقصد اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی مبینہ مسلسل خلاف ورزیوں کو ثالثوں کے سامنے اٹھانا ہے۔ گزشتہ ماہ ہونے والے سہ فریقی ثالثی معاہدے نے غزہ میں امدادی سرگرمیوں اور بحالی کے اقدامات کے لیے ایک محدود وقفہ فراہم کیا تھا۔
دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے ہفتے کے روز کارروائی کے دوران حماس کے پانچ سینئر رہنماؤں کو نشانہ بنایا، جو مبینہ طور پر اسرائیلی فوجیوں پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق ہفتے کے روز اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں 22 فلسطینی شہید ہوئے، جن میں حماس کے مقامی کمانڈر بھی شامل تھے۔