لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کچھ شہروں میں صفائی کی ناقص صورتحال پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ کی زیرصدارت منعقدہ اجلاس میں ستھرا پنجاب پروگرام کی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
مریم نواز نے غیرمعیاری کارکردگی دکھانے والے ٹھیکیداروں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ فنڈز کی فراہمی کے باوجود مطلوبہ نتائج نہ ملنا افسوسناک ہے۔ انتظامیہ کو مکمل اختیارات، مالی امداد اور اعتماد دیا گیا مگر 100 فیصد نتائج کا حصول ضروری ہے۔
انہوں نے صوبے بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو اپنی گورننس بہتر بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ اتنی بڑی مشینری اور عملے کے باوجود کوڑے کے ڈھیر برداشت نہیں کیے جائیں گے۔
مزید برآں، آوارہ کتوں کے کاٹنے اور مین ہول میں گر کر ہلاکتوں پر بھی متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو تنبیہ کی گئی۔
وزیراعلیٰ نے تجاوزات کے خاتمے کے لیے 24 گھنٹے سی سی ٹی وی مانیٹرنگ کا حکم دیا اور سرکاری نرخ نامے کی خلاف ورزی کرنے والوں کی گرفتاری یقینی بنانے کے ساتھ ہاؤسنگ سوسائٹیز میں ناقص کارکردگی دکھانے والے ضلعی سربراہان کو تبدیل کرنے کی بھی ہدایت کی۔