اسلام آباد: وفاقی پولیس کے سائبر کرائم ونگ کو باضابطہ طور پر ختم کرکے اس کے تمام افسران اور اہلکاروں کو کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے ماتحت منتقل کردیا گیا ہے۔
اسی طرح اس یونٹ کے پاس موجود تمام مقدمات اور جاری انکوائریز بھی نیشنل کاؤنٹر کرائم اینڈ انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے سپرد کر دی گئی ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق تبادلہ کیے گئے اہلکاروں کی مجموعی تعداد 22 ہے، جن میں انچارج سائبر کرائم ونگ انسپکٹر آصف خان، 3 سب انسپکٹرز، 2 اسسٹنٹ سب انسپکٹرز، 6 لیڈی کانسٹیبلز اور 10 مرد کانسٹیبلز شامل ہیں۔
اسلام آباد پولیس کے ریکارڈ کے مطابق سائبر کرائم ونگ کے پاس مجموعی طور پر 112 شکایات زیر التوا تھیں۔ ان میں سے دو اہم مقدمات کے چالان عدالتوں میں جمع کرائے جا چکے تھے، بیس شکایات انکوائری کے مرحلے میں تھیں جب کہ 90 شکایات پر قانونی کارروائی جاری تھی۔ اب یہ تمام کیسز این سی سی آئی اے کے پاس منتقل ہو چکے ہیں۔