ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

عمران خان ذہنی مریض، پاکستان نہیں تو کچھ نہیں، عطا تارڑ کی تنقید

لاہور:وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی جماعت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان ایک  ذہنی مریض  ہیں، جبکہ پی ٹی آئی کی یہ سوچ کہ خان نہیں تو کچھ نہیں  قابلِ نفرت ہے، کیونکہ اصل حقیقت یہ ہے کہ پاکستان نہیں تو کچھ نہیں ۔

لاہور میں ن لیگی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف ساڑھے 12 سال سے حکومت میں ہے مگر نہ صوبے میں ترقیاتی کام ہوئے اور نہ ہی ایک بڑا اسپتال بنایا گیا، پی ٹی آئی نے خیبر پختونخوا کو کھنڈر بنا دیا ہے  جبکہ مسلم لیگ (ن) نے پنجاب میں فرانزک لیب سمیت کئی بڑے منصوبے مکمل کیے۔

 انہوں نے عمران خان پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جیل میں قید شخص نے 190 ملین پاؤنڈ کی میگا کرپشن کی ہے،  یہ شخص اسپتالوں اور فلاحی منصوبوں کے پیسے تک کھا گیا، پشاور میں بزدار پلس پلس  کی حکومت کا جلسہ عوام نے مسترد کر دیا ہے، معرکہ حق میں پاک فوج نے بھارت کو عبرتناک شکست دی، بھارتی فوج آج بھی پاک فوج سے خوفزدہ ہے جب کہ چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا دشمن پر خوف طاری ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اپنے دور میں بھارت کے خلاف آواز اٹھانے کی ہمت بھی نہ کی، کشمیر کا مقدمہ بھی نہ لڑا، لیکن آج فوج پر الزامات لگاتی ہے، تحریک انصاف کی بہنیں بھارتی میڈیا پر جا کر فوج پر حملہ کرتی ہیں  اور پی ٹی آئی کا بیانیہ بیرونی میڈیا میں پاکستان کے خلاف استعمال ہو رہا ہے۔

عطا تارڑ نے 9 مئی واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کور کمانڈر ہاؤس پر حملے کی ویڈیوز میں پی ٹی آئی قیادت کی خواتین بھی موجود تھیں، انہوں نے وہ کام کیا جو دشمن بھی نہ کرسکا،  انہوں نے PTI کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر الزام لگایا کہ یہ ریاستی اداروں کے خلاف گمراہ کن پروپیگنڈا کر رہے ہیں اور ملکی اداروں کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں