لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ اڈیالہ جیل میں قید عمران خان کی سوچ اور طرزِ عمل اس قدر بگڑ چکا ہے کہ وہ ’’بانی ایم کیو ایم پارٹ ٹو‘‘ بنتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اڈیالہ کی چاردیواری نے انہیں ’’ذہنی مریض‘‘ بنا دیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اپنے دورِ حکومت میں سیاسی مخالفین کو دھمکیاں دیتے رہے اور ملک کو دیوالیہ کرنے کے لیے ہر حربہ استعمال کیا۔ ان کے مطابق پاکستان کے لیے آنے والی ہر مثبت خبر اُن کے لیے ’’فتنہ اور انتشار‘‘ کا باعث بن جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جیل میں موجود شخص مظلوم بننے کی کوشش کر رہا ہے جبکہ وہ بالکل صحت مند ہے اور باہر سے منگوائے گئے کھانوں تک سے لطف اندوز ہوتا ہے۔ سوشل میڈیا پر اس کی بیماری سے متعلق پھیلائی جانے والی خبریں سراسر غلط ہیں۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے مزید الزام لگایا کہ بانی پی ٹی آئی پاکستان کے خلاف بھارتی میڈیا کو بھی استعمال کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی ذہنی کیفیت کا باقاعدہ معائنہ ہونا چاہیے۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ ’’فتنہ خان‘‘ کی سیاست اور پاکستان ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے۔ عمران خان پہلے بھی ملک کے لیے خطرہ تھے اور آج بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج وہی شخص مظلومیت کا ڈرامہ کر رہا ہے جو دوسروں کے اے سی تک بند کروا دیتا تھا۔
عظمیٰ بخاری نے دعویٰ کیا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس نے بانی پی ٹی آئی کے ’’گندے کردار پر سخت چوٹ‘‘ کی ہے۔ ان کے مطابق پی ٹی آئی کے اندر بھی بڑی تعداد ایسے لوگوں کی ہے جو بانی پی ٹی آئی کے طرزِ سیاست سے تنگ آ چکے ہیں۔