ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

 یاسین ملک کو ڈیتھ سیل میں رکھا گیا، مشعال ملک کا دعویٰ

اسلام آباد: کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ یاسین ملک کو بھارت کی تہاڑ جیل میں ڈیتھ سیل میں رکھا گیا ہے اور فیملی سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی،  یہ فیصلہ بھارتی حکومت کی جانب سے کشمیری قیادت کو دبانے اور ان کی سیاسی آواز کو خاموش کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔

مشعال ملک نے وفاقی دارالحکومت میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یاسین ملک کو گزشتہ کئی ماہ سے سخت حراست میں رکھا گیا ہے،  حریت رہنما کو اس وقت ڈیتھ سیل میں منتقل کیا گیا جب بھارتی حکام نے ان کے قانونی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی شروع کی ، یاسین ملک کی فیملی سے ملاقات نہ کرانے کا مقصد ان پر ذہنی دباؤ ڈالنا اور ان کی سیاسی تحریک کو محدود کرنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام کے ساتھ بھی بڑے پیمانے پر ظلم و ستم کیا جا رہا ہے اور حریت قیادت کی گرفتاریوں کے ذریعے عوام کی آواز کو دبایا جا رہا ہے،  بھارتی حکومت نے کشمیر میں دس لاکھ سے زائد فوجی تعینات کر رکھے ہیں اور نہتے کشمیری شہریوں کا قتل عام جاری ہے۔

مشعال ملک نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کے اداروں سے اپیل کی کہ وہ کشمیری قیادت کے ساتھ روا رکھے جانے والے ناروا سلوک پر فوری توجہ دیں اور یاسین ملک کی فیملی سے ملاقات کی اجازت دلائیں،  کشمیری عوام کے لیے جاری ظلم کے خلاف ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ کشمیر کی آزادی کا عمل جاری رہ سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ یاسین ملک کی گرفتاری اور ڈیتھ سیل میں رکھے جانے کا عمل پوری دنیا کے لیے ایک لمحہ فکریہ ہے اور یہ انسانی حقوق کے بنیادی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے، کشمیری عوام اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے اور عالمی سطح پر اپنے موقف کو مضبوطی سے پیش کرتے رہیں گے۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں