پشاور:وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے اچانک دورے کے بعد لیڈی ریڈنگ اسپتال کے ڈائریکٹر کو ناقص کارکردگی پر فوری طور پر عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق وزیراعلیٰ کے معائنے کے دوران مریضوں کی دیکھ بھال اور انتظامی امور تشویش ناک حد تک کمزور پائے گئے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ کی ہدایت پر اسپتال کی پیڈز ایمرجنسی کے سربراہ کو بھی معطل کر کے فیکٹ فائنڈنگ انکوائری شروع کرنے کی ہدایت دی گئی کیونکہ نوزائیدہ بچوں اور ایمرجنسی مریضوں کی نگہداشت میں کسی بھی قسم کی غفلت ناقابل قبول قرار دی گئی ہے۔
صوبائی حکومت نے اس موقع پر صحت کے شعبے میں ناقص کارکردگی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل درآمد کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ مریضوں کی حفاظت اور معیاری علاج یقینی بنانا ہر عملے کی اولین ذمہ داری ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ کے دورے کے دوران ایک ڈاکٹر کو پروٹوکول کی خلاف ورزی پر شوکاز نوٹس بھی جاری کیا گیا تھا، اسپتال انتظامیہ نے اس خبر کو بعد میں بے بنیاد قرار دیا تھا۔