نیویارک: امریکی صدر کی چیف آف اسٹاف سوزی وائلز کا کہنا ہے کہ اگرچہ ٹرمپ کبھی شراب نہیں پیتے، تاہم ان کی شخصیت ایک ’شرابی‘ جیسی ہے۔
سوزی وائلز کا کہنا تھا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ خود کو ہر کام کے قابل سمجھتے ہیں اور ان کے نزدیک ایسا کوئی کام نہیں جو وہ نہ کر سکیں۔ انہوں نےصرف 11 ماہ میں وہ کچھ حاصل کر لیا ہے جو کوئی اور حاصل نہیں کرسکا۔ یہ سب کچھ صدر ٹرمپ کی بے مثال قیادت اور وژن کا نتیجہ ہے۔یہ باتیں انہوں نے ایک امریکی میگزین وینیٹی فیئرکو دیئے گئے تفصیلی انٹرویوں میں کہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ صدر ٹرمپ کے ساتھ کام کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے اور ایسے مضامین امریکا کو دوبارہ عظیم بنانے کے ہمارے مسلسل اور پُرعزم مشن کو نہیں روک سکتے۔
انٹرویو شائع ہونے کے چند گھنٹوں بعد سوزی وائلز نے اس مضمون کو اپنے اور صدر کے خلاف جانبدارانہ اور منفی انداز میں پیش کی گئی تحریر قرار دیا۔ ایکس پر پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ شائع ہونے والا مضمون میرے اور تاریخ کے بہترین صدرکے خلاف جانبدارانہ تحریر ہے۔
حیران کن طور پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی چیف آف اسٹاف سوزی وائلز کے متنازع انٹرویو کے بعد ان کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا ہے۔