ایران نے مبینہ طور پر اسمگل شدہ ایندھن لے جانے والے ایک غیر ملکی آئل ٹینکر کو خلیج میں قبضے میں لے لیا ہے۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق ضبط کیے گئے ٹینکر میں تقریباً 40 لاکھ لیٹر اسمگل شدہ ایندھن موجود تھا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آئل ٹینکر کو تحویل میں لینے کے بعد اس پر سوار عملے کے 16 ارکان کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔ تاہم ایرانی حکام کی جانب سے نہ تو ٹینکر کی ملکیت ظاہر کی گئی ہے اور نہ ہی گرفتار عملے کی شناخت سامنے لائی گئی ہے۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی غیر قانونی ایندھن کی اسمگلنگ کے خلاف جاری اقدامات کا حصہ ہے۔ ایران پہلے بھی خلیجی اور بحیرۂ عمان کے علاقوں میں اسمگل شدہ ایندھن لے جانے والے بحری جہازوں کے خلاف کارروائیاں کرتا رہا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی خلیجِ عمان میں ایک اور غیر ملکی ٹینکر ضبط کیا گیا تھا، جس کے بارے میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ وہ 60 لاکھ لیٹر اسمگل شدہ ڈیزل لے جا رہا تھا، تاہم اس جہاز کی شناخت بھی ظاہر نہیں کی گئی تھی۔