برطانیہ میں سکھ برادری کی جانب سے بنگلادیشی حکومت کی حمایت میں مظاہرہ کیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق لندن میں سکھ کمیونٹی کے افراد نے بنگلادیشی ہائی کمیشن کے باہر جمع ہو کر بھارت کے خلاف احتجاج کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ نوجوان طلبہ رہنما عثمان ہادی کا قتل ایک بڑے انقلاب کا پیش خیمہ بنے گا اور بھارت انتشار کا شکار ہوگا۔
مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ مودی حکومت بھارت کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے لانے والوں کے قتل میں ملوث ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل بنگلادیش میں حسینہ واجد حکومت کے خاتمے میں اہم کردار ادا کرنے والی طلبہ تحریک کے ترجمان عثمان ہادی کو نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کا نشانہ بنایا تھا۔ وہ بعد ازاں سنگاپور میں زیر علاج رہے اور چند روز بعد انتقال کر گئے۔
عثمان ہادی کی ہلاکت کے بعد بنگلادیش میں بھی بھارتی ہائی کمیشن کے باہر ہزاروں افراد نے احتجاجی مظاہرہ کیا تھا۔