پنجگور، بلوچستان: سیکیورٹی فورسز نے ضلع پنجگور میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے چار دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد بھارتی پراکسی تنظیم فتنہ الخوارج سے تعلق رکھتے تھے اور علاقے میں متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر نشانہ بنایا اور ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کر لیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس کارروائی سے نہ صرف علاقائی سیکیورٹی مستحکم ہوئی بلکہ دہشت گرد تنظیموں کے آپریشنل نیٹ ورک کو بھی نقصان پہنچا۔
ترجمان نے زور دے کر کہا کہ سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پختہ عزم کے ساتھ کام کر رہی ہیں اور آئندہ بھی ایسے موثر آپریشنز جاری رہیں گے تاکہ شہریوں کی حفاظت اور قومی سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔