راولپنڈی : خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں سیکورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر کامیاب آپریشن کرتے ہوئے بھارتی اسپانسرڈ 5 خوارج کو ہلاک کر دیا، تاہم فائرنگ کے شدید تبادلے میں پاک فوج کے افسر میجر عدیل زمان نے جامِ شہادت نوش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ آپریشن باجوڑ کے علاقے خار میں کیا گیا، جہاں دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع ملی تھی۔ کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ اس دوران میجر عدیل زمان شہید ہو گئے، جن کا تعلق ڈیرہ اسماعیل خان سے تھا۔ بیان کے مطابق میجر عدیل زمان نے فرنٹ سے اپنے دستے کی قیادت کی اور بہادری کے ساتھ لڑتے ہوئے شہادت پائی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے خوارج کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔ یہ دہشت گرد سکیورٹی فورسز کے خلاف حملوں کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کے قتل میں بھی ملوث تھے۔
فوج کے ترجمان نے کہا کہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز کے اقدامات جاری رہیں گے۔