محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں موسم مزید سرد ہونے والا ہے جبکہ کل شہر میں ہلکی بارش کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ترجمان محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ منگل سے بدھ کے درمیان مغربی ہواؤں کا سسٹم شہر اور گرد و نواح میں اثر انداز ہو سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 76 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے اور شمال مشرق سے ہلکی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔ آج کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 26 سے 28 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
ترجمان انجم نذیر کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران دن کے اوقات میں موسم خشک جبکہ رات میں سرد رہنے کا امکان ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 30 دسمبر کی رات گئے کراچی میں ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا یہ سلسلہ حیدرآباد، بدین، ٹھٹہ، میرپورخاص اور تھرپارکر کے بعض علاقوں میں بھی جاری رہنے کا امکان ہے، جبکہ ملک بھر میں بارشوں کا یہ سلسلہ 2 جنوری تک جاری رہ سکتا ہے۔ پنجاب کے میدانی علاقوں میں بارش جبکہ خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں شدید برفباری کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔