اسلام آباد : وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بارہا پیشکش کے باوجود پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ مذاکرات کی راہ میں خود ان کا اپنا رویہ حائل ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا کہ حکومت سنجیدگی سے بات چیت چاہتی ہے لیکن جواب میں بدزبانی اور گالیاں ملتی ہیں۔
خواجہ آصف نے وضاحت کی کہ وزیراعظم نے تین چار مرتبہ واضح طور پر مذاکرات کی دعوت دی، مگر پی ٹی آئی نے ان کوششوں کا کوئی مثبت جواب نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلافات کا حل صرف مذاکرات میں ہی ممکن ہے، لیکن جب سامنے سے بدزبانی کا سامنا ہو تو معاملات آگے نہیں بڑھ سکتے۔ پی ٹی آئی کی قیادت سنجیدہ رویہ اپنانے میں ناکام رہی ہے۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ اقتدار ایک عارضی چیز ہے، سیاست میں مستقل مزاجی، برداشت اور صبر کی ضرورت ہوتی ہے۔ حکومت کے دروازے اب بھی بات چیت کے لیے کھلے ہیں بشرطیکہ پی ٹی آئی گالم گلوچ کا کلچر ترک کرے۔