دہلی:بھارت میں خواتین بالکل غیر محفوظ ہوگئی ہیں،فلمی طرز کے معاشرے میں گینگ ریپ ،جنسی زیادتی روز کا معمول ہے،اسی وجہ سے بھارتی دارالحکومت کو پوری دنیا میں ریپ سٹی کے نام سے جانا جاتا ہے۔فرید آباد میں جنسی درندوں نے ایک اور لڑکی کو اپنی ہوس کا نشانہ بنادیا ۔
دہلی سے متصل فرید آباد میں خواتین کی سلامتی کے دعوئوں کی قلعی کھولنے والا ایک دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے۔
یہاں ایک خاتون کو لفٹ دینے کے بہانے کار میں بٹھا کر 2 نوجوانوں نے چلتی گاڑی میں اجتماعی زیادتی کی۔
درندوں نے تقریباً کئی گھنٹے تک خاتون کو یرغمال بنائے رکھا، اس کے ساتھ مارپیٹ کی اور بعد میں اسے نیم مردہ حالت میں چلتی گاڑی سے پھینک کر فرار ہو گئے۔
پولیس ترجمان یش پال سنگھ کے مطابق، متاثرہ خاتون کی بہن کی شکایت کے مطابق واقعے والی رات تقریباً ساڑھے8بجے خاتون کا گھر پر اپنی ماں سے کسی بات پر جھگڑا ہو گیا تھا۔
غصے میں وہ یہ کہہ کر گھر سے نکلی کہ وہ اپنی سہیلی کے گھر جا رہی ہے اور تین گھنٹے میں واپس آ جائے گی۔
رات تقریباً12 بجے خاتون راستے میں کسی گاڑی کا انتظار کر رہی تھی۔ اسی دوران ایک ایکو وین وہاں رکی، جس میں پہلے سے 2 نوجوان سوار تھے۔
خاتون نے لفٹ مانگی اور گاڑی میں بیٹھ گئی۔ الزام ہے کہ لفٹ دینے کے بعد ملزمان نے گاڑی کو فرید آباد،گڑگائوں روڈ کی طرف موڑ لیا۔
شکایت کے مطابق فرید آبادگڑگائوں سڑک پر واقع ہنومان مندر سے کچھ آگے جا کر ایک ملزم نے گاڑی کی رفتار تیز کر دی، جبکہ دوسرے نے خاتون کو دبوچ لیا۔
جب خاتون نے مزاحمت کی تو ملزمان نے اسے بری طرح پیٹا۔ اس کے بعد دونوں نے باری باری چلتی گاڑی میں اس کے ساتھ زیادتی کی۔ وہ کئی گھنٹے تک خاتون کو سڑکوں پر گھماتے رہے۔
درندگی کے بعد صبح تقریباً 3 بجے ملزمان نے خاتون کو ایس جی ایم نگر کے نزدیک چلتی وین سے نیچے پھینک دیا اور فرار ہو گئے۔
سڑک پر گرنے سے خاتون کے سر اور چہرے پر شدید چوٹیں آئیں، جس کے باعث ڈاکٹروں کو چہرے پر ٹانکے لگانے پڑے۔
واقعے کے بعد متاثرہ خاتون نے کسی طرح اپنی بہن کو فون کیا۔ بہن موقع پر پہنچی اور اسے فرید آباد کے سول اسپتال لے گئی۔
حالت نازک ہونے پر اسے دہلی کے ایمس ریفر کیا گیا تاہم فی الحال اہلِ خانہ نے اسے ایک نجی اسپتال میں داخل کرایا ہے۔
پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے اور ملزمان کی شناخت کے لیے روٹ کے سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ ایک ہفتے قبل بھارتی ریاست راجستھان کے شہر اودے پور میں پولیس نے ایک نجی آئی ٹی کمپنی کے سی ای او، خاتون ایگزیکٹو ہیڈ اور اس کے شوہر کو خاتون ملازمہ کے مبینہ گینگ ریپ کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔
ملزمان نے پارٹی کے بعد گھر چھوڑنے کے بہانے گاڑی میں خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔