ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

غفلت برتنے پر اسلام آباد پولیس کے 165 اہلکاروں کے خلاف کارروائی

اسلام آباد پولیس میں فرائض سے غفلت اور لاپرواہی برتنے پر سخت کارروائی عمل میں لاتے ہوئے 165 اہلکاروں کو سزائیں سنا دی گئی ہیں۔

ایس ایس پی آپریشنز نے نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر تمام متعلقہ اہلکاروں کی ایک ایک سال کی سروس ضبط کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق مختلف اہم اور حساس ڈیوٹیوں کے دوران غیر حاضری اور غفلت کے واقعات سامنے آنے پر یہ کارروائی کی گئی۔ وی وی آئی پی روٹ کی سیکیورٹی ڈیوٹی سے غیر حاضر رہنے پر 12 اہلکاروں کو سزا دی گئی، جبکہ آزاد کشمیر میں تعینات ڈیوٹی سے غائب ہونے پر 36 اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی گئی۔

اسی طرح سہہ ملکی سیریز کے دوران سیکیورٹی ڈیوٹی میں غفلت برتنے پر 32 اہلکاروں کو سزا دی گئی، جبکہ اسلام آباد پریس کلب میں احتجاج کے موقع پر ڈیوٹی سے غیر حاضر رہنے پر 21 اہلکاروں کو محکمانہ سزاؤں کا سامنا کرنا پڑا۔

بین الپارلیمانی کانفرنس جیسے اہم ایونٹ کے دوران 64 اہلکاروں کے ڈیوٹی سے غائب رہنے کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے، جس پر سخت ایکشن لیا گیا۔

ایس ایس پی آپریشنز کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی جیسے حساس فرائض میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، اور مستقبل میں بھی فرائض سے غفلت برتنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی۔ پولیس حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد فورس میں نظم و ضبط کو یقینی بنانا اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو مزید مؤثر بنانا ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں