روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے روایتی سیاسی منظرنامے سے ہٹ کر اس بار کارٹون کی دنیا میں قدم رکھ کر سب کو حیران کر دیا ہے۔
عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق صدر پوٹن بچوں میں مقبول روسی کارٹون “پروسٹوکواشینو” میں نمودار ہوئے، جہاں انہوں نے باتیں کرنے والی بلی اور کتے کے ساتھ اسکرین پر آ کر ناظرین کو حیرت میں مبتلا کر دیا۔ کارٹون میں صدر پوٹن نے اپنی قوم کو نئے سال کی مبارکباد بھی دی۔
افسانوی گاؤں پروسٹوکواشینو کے کردار اس وقت دنگ رہ گئے جب انہوں نے روسی صدر کو اپنے پسندیدہ کارٹون کرداروں کے ساتھ دیکھا۔ یہ پہلا موقع ہے کہ صدر پوٹن کو کسی کارٹون میں باقاعدہ کردار کے طور پر پیش کیا گیا، جس نے بچوں کے ساتھ ساتھ بڑوں کی توجہ بھی حاصل کی۔
ماسکو میں واقع پروسٹوکواشینو تھیم پارک میں بچوں کے ہمراہ آئے والدین نے اس انوکھے خیال کو سراہا۔ ایک خاتون مرینا نے کہا کہ کارٹون کی دنیا میں ہر چیز ممکن ہے، اس لیے صدر پوٹن کی موجودگی بھی حیران کن نہیں۔ ایک اور خاتون کا کہنا تھا کہ بچے پہلے ہی صدر کو جانتے ہیں، اس لیے انہیں کارٹون میں دیکھنا مزید دلچسپ ہوگا، جبکہ غیر ملکی ناظرین کے لیے بھی یہ ایک منفرد تجربہ بن سکتا ہے۔
صدر پوٹن کو کارٹون میں شامل کرنے کا یہ منفرد تصور سویوزملتفلم اسٹوڈیو کی بورڈ چیئرپرسن یولیانا سلاشیوا کی جانب سے پیش کیا گیا تھا۔