جدہ: نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ صومالی لینڈ صومالیہ کا غیر متنازع اور اٹوٹ علاقہ ہے اور کوئی بیرونی ادارہ یا ریاست اس حقیقت کو بدلنے کا قانونی یا اخلاقی حق نہیں رکھتی۔
او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس میں اسحاق ڈار نے کہا کہ اسرائیل کا صومالی لینڈ کا دورہ صومالیہ کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ سرحدوں پر براہ راست حملہ ہے اور پاکستان صومالیہ کی خودمختاری، وحدت اور علاقائی سالمیت کی مکمل حمایت کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی اقدام ہارن آف افریقا اور بحیرہ احمر میں امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہے اور پاکستان نے او آئی سی ممالک کے ساتھ مل کر اسرائیل کے اقدام کو مشترکہ بیان میں مسترد کیا ہے، اسرائیل کی کارروائی بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے منشور کی خلاف ورزی ہے اور خطے میں سنگین اثرات پیدا کر سکتی ہے۔
غزہ کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے نائب وزیر اعظم نے کہا کہ غزہ میں جنگ کے خاتمے اور انسانی امداد کی فراہمی کے لیے عالمی سطح پر کوششیں ضروری ہیں اور پاکستان او آئی سی اور عرب ممالک کے ساتھ فلسطینی حق خودارادیت کے لیے تعاون کرے گا، کسی بھی قسم کی جبری بے دخلی بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے اور پاکستان فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کے ساتھ کھڑا ہے،پاکستان او آئی سی سے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے مزید اقدامات کا مطالبہ کرتا ہے۔