ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

ملک بھر میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کارروائی: 24 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی منشیات برآمد، 5 ملزمان گرفتار

ملک بھر میں تعلیمی اداروں اور مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے 24 کروڑ 48 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 258.94 کلوگرام منشیات برآمد کیں اور 5 ملزمان کو گرفتار کیا۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق کارروائیاں مجموعی طور پر 9 مقامات پر کی گئیں، جن میں تعلیمی اداروں کے اطراف بھی شامل تھے۔ ساہو چوک ملتان کے قریب ایک ملزم کے بیگ سے 2 کلوگرام آئس برآمد ہوئی، جس نے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا۔ اسی طرح گلبرگ لاہور میں کوریئر آفس سے سعودی عرب بھیجے جانے والے پارسل سے 2.5 کلوگرام آئس اور علامہ اقبال ایئرپورٹ کے کارگو شیڈ سے 765 گرام آئس برآمد ہوئی۔

مزید برآں لاہور کے شاہ جمال روڈ میں برطانیہ جانے والے پارسل سے 6.72 کلوگرام وزنی 67200 والیم گولیاں برآمد کی گئیں۔ پشاور رنگ روڈ کے قریب ایک گاڑی سے 15.6 کلوگرام افیون، انڈس ہائی وے کوہاٹ کے قریب 10.8 کلوگرام چرس اور فتح جنگ ٹول پلازہ اسلام آباد کے قریب 2.4 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔ جی ٹی روڈ لاہور پر کراچی سے آنے والے پارسل سے 20.16 کلوگرام والیم گولیاں جبکہ ویسٹرن بائی پاس ہزار گنجی کوئٹہ کے قریب 198 کلوگرام ہیروئن برآمد ہوئی۔

اے این ایف کے مطابق تمام کارروائیوں کے دوران انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کیا گیا ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں