ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

ملک بھر میں یکساں بجلی ٹیرف کا نفاذ: نئی قیمتوں کا اعلان جلد متوقع

اسلام آباد: ملک بھر میں صارفین کے لیے یکساں ٹیرف نافذ کرنے کی تیاریوں کے سلسلے میں بجلی کے نئے نرخوں کے اعلان کی تاریخ سامنے آ گئی ہے۔

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں اس حوالے سے اہم سماعت منعقد ہوئی، جس کی صدارت چیئرمین نیپرا وسیم مختار نے کی۔

سماعت کے دوران وفاقی حکومت کی جانب سے دائر کی گئی درخواست پر غور کیا گیا، جس میں ملک بھر میں بجلی کا ایک جیسا ریٹ نافذ کرنے اور موجودہ ٹیرف نوٹیفکیشن میں ترمیم کی تجویز شامل ہے۔ حکومت نے کے الیکٹرک کے صارفین کے لیے بھی یکساں ٹیرف کے نفاذ کی درخواست کی ہے، جس کے بعد نیپرا ایکٹ کے سیکشن 31 کے تحت نظرثانی شدہ ٹیرف نوٹیفکیشن جاری کیے جانے کا امکان ہے۔

نیپرا کی منظوری کے بعد نئے بجلی نرخوں کا اطلاق 15 جنوری سے متوقع ہے، جس سے مختلف شعبوں کو نمایاں ریلیف ملنے کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔ سماعت کے دوران پاور ڈویژن حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صنعتی صارفین کے لیے بجلی کے نرخوں میں 26 فیصد تک کمی کی گئی ہے، جس کے بعد صنعتی ٹیرف 62.99 روپے فی یونٹ سے کم ہو کر 46.31 روپے فی یونٹ رہ گیا ہے۔

حکام کے مطابق کراس سبسڈی میں بھی نمایاں کمی کی گئی ہے، جو پہلے 225 ارب روپے تھی اور اب کم ہو کر 102 ارب روپے رہ گئی ہے۔ اسی طرح 123 ارب روپے کی مجموعی کمی کی گئی ہے، جسے صنعت اور معیشت کے لیے مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ قومی اوسط بجلی نرخ 53.04 روپے فی یونٹ سے کم ہو کر 42.27 روپے فی یونٹ ہو گئے ہیں۔

زرعی صارفین کے لیے بجلی کے نرخوں میں 16 فیصد، کمرشل صارفین کے لیے 10 فیصد، جنرل سروسز کے لیے 12 فیصد اور بلک صارفین کے لیے 15 فیصد کمی کی گئی ہے۔ آزاد جموں و کشمیر میں بجلی کے نرخوں میں 46 فیصد تک نمایاں کمی کی گئی ہے، جسے ایک بڑا ریلیف قرار دیا جا رہا ہے۔

سماعت کے دوران صنعتی صارفین نے مؤقف اختیار کیا کہ خطے کے دیگر ممالک، خصوصاً چین میں صنعتی صارفین کو بجلی انتہائی کم نرخوں پر فراہم کی جا رہی ہے، جب کہ پاکستان میں موجودہ نرخوں پر صنعت کا چلنا مشکل ہو چکا ہے۔ انہوں نے کراس سبسڈی کے خاتمے اور پالیسی سطح پر اصلاحات کی ضرورت پر زور دیا۔

پاور ڈویژن حکام نے واضح کیا کہ حکومت نے بجلی کے اوسط بنیادی ٹیرف میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور سبسڈی کو ایڈجسٹ کر کے نرخوں کو قابو میں رکھا گیا ہے۔ نیپرا نے سماعت مکمل ہونے کے بعد کہا ہے کہ تمام اعداد و شمار کا تفصیلی جائزہ لے کر جلد فیصلہ جاری کیا جائے گا، جس سے ملک بھر میں یکساں بجلی ٹیرف کے نفاذ کی راہ ہموار ہونے کی توقع ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں