ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

فیلڈ مارشل سے ورلڈ لبرٹی فنانشل امریکا کے وفد کی ملاقات، کراس بارڈر ڈیجیٹل فنانس پر تبادلہ خیال

اسلام آباد: فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ورلڈ لبرٹی فنانشل امریکا کے وفد نے ملاقات کی، جس کا مقصد کراس بارڈر ڈیجیٹل فنانس اور مالی شمولیت کو مضبوط بنانا تھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ورلڈ لبرٹی فنانشل امریکا کے وفد نے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت معروف عالمی فن ٹیک فرم کے چیف ایگزیکٹو آفیسر زچری وٹکوف نے کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ ملاقات بین الاقوامی نجی سرمایہ کار گروپوں کی جانب سے پاکستان کی ابھرتی ہوئی معاشی صورتحال میں بڑھتی ہوئی دلچسپی کی عکاس ہے، ملاقات پاکستان کی فن ٹیک صلاحیتوں پر عالمی اعتماد میں اضافے کو ظاہر کرتی ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ملاقات کا بنیادی مقصد کراس بارڈر ڈیجیٹل فنانس کے فروغ اور مضبوط مالی شمولیت کے امکانات پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔ وفد کے سربراہ زچری وٹکوف نے جدید ٹیکنالوجی اپنانے کے لیے پاکستانی قیادت کی کوششوں کو سراہا اور پاکستان کی معاشی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے اقدامات کی تعریف کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے وفد کے ساتھ خیالات کے تبادلے کا خیر مقدم کیا اور پاکستان کے اقتصادی استحکام، سرمایہ کاروں کے اعتماد کے فروغ اور قومی ترقی میں ذمہ دار نجی شعبے کی شمولیت کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

واضح رہے کہ اسی روز پاکستان اور ورلڈ لبرٹی فنانشل کے درمیان ڈیجیٹل ادائیگیوں میں جدت لانے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط بھی کیے گئے۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، چیئرمین پاکستان ورچوئل اثاثہ جات ریگولیٹری اتھارٹی اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں