ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

یمن بحران پر پاکستان کا اظہار تشویش، مکالمے اور سیاسی حل پر زور

نیویارک: اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں یمن کی صورتحال پر بحث کے دوران پاکستان نے ایک بار پھر واضح اور دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے یمن میں امن کے خلاف کسی بھی قسم کے یکطرفہ اقدامات کی سخت مخالفت کی ہے۔

پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ حالیہ پیش رفت اور تشدد میں اضافہ پہلے سے نازک امن عمل کو شدید خطرات سے دوچار کر رہا ہے، جس کے اثرات نہ صرف یمن بلکہ پورے خطے پر مرتب ہو سکتے ہیں۔

سفیر پاکستان عاصم افتخار نے خصوصی ایلچی ہانس گرنڈبرگ اور اقوام متحدہ کے انسانی امور کے ڈائریکٹر کی جانب سے دی گئی جامع بریفنگز کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان یمن میں طویل عرصے سے جاری تنازع پر گہری تشویش رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سفارتی اور علاقائی کوششوں کے باوجود موجودہ حالات اس بات کے متقاضی ہیں کہ تمام فریقین ضبط و تحمل کا مظاہرہ کریں اور مکالمے کی جانب واپس لوٹیں۔

پاکستان نے یمن کی وحدت، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں پائیدار امن کے لیے یہی بنیادی ستون ہیں۔ پاکستان نے خبردار کیا کہ ایسے یکطرفہ اقدامات جو تقسیم بڑھائیں  یا کشیدگی میں اضافہ کریں، نہ صرف امن کی کوششوں کو نقصان پہنچاتے ہیں بلکہ یمنی عوام کی مشکلات میں بھی اضافہ کرتے ہیں۔

عاصم افتخار نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان یمنی قیادت  اور وہاں جاری سیاسی عمل کی بھرپور حمایت کرتا ہے اور اقوام متحدہ کے تسلیم شدہ سیاسی فریم ورک کے تحت ایک جامع، شمولیتی اور ملک گیر عمل کو ہی قابلِ عمل حل سمجھتا ہے۔ پاکستان نے علاقائی کوششوں، بالخصوص سعودی عرب کی سہولت کاری میں مذاکراتی عمل کی حمایت کرتے ہوئے تمام یمنی فریقین پر زور دیا کہ وہ نیک نیتی کے ساتھ مذاکرات میں حصہ لیں۔

انہوں نے حوثیوں کے زیرِ کنٹرول علاقوں میں اقوام متحدہ اور انسانی ہمدردی کے عملے کی من مانی حراست و اقوام متحدہ کے اثاثوں پر قبضے کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور اسے بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی قرار دیا۔

علاوہ ازیں پاکستان نے تمام زیرِ حراست افراد کی فوری رہائی کا مطالبہ بھی دہرایا۔

پاکستانی مندوب نے سلامتی کونسل پر زور دیا کہ وہ یمن میں امن کے لیے متحد اور ہم آہنگ کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آئندہ بھی یمنی عوام کے ساتھ کھڑا رہے گا اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے ہر تعمیری کوشش کی حمایت کرتا رہے گا۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں