خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی جدوجہد میں آئندہ دنوں میں مزید تیزی آئے گی اور پارٹی اپنے مؤقف پر ثابت قدم رہے گی۔
سہیل آفریدی ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچے، جہاں انہوں نے پارٹی کے ایک کارکن کے انتقال پر منعقدہ تعزیتی ریفرنس میں شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مرحوم کارکن کے لیے دعائے مغفرت کی اور لواحقین سے اظہارِ تعزیت کیا۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ دعا ہے پی ٹی آئی کارکنوں کی قربانیوں کا سلسلہ اب رک جائے اور ملک میں جمہوری جدوجہد پُرامن طریقے سے آگے بڑھے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے کارکنوں نے مشکل حالات میں بھی ثابت قدمی دکھائی ہے اور پارٹی کے پرچم تلے سب متحد ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی جدوجہد کا مقصد عوام کے حقوق کا تحفظ اور ملک میں حقیقی جمہوریت کا قیام ہے۔