راولپنڈی کے علاقے ڈھوک سیداں روڈ پر تیز رفتار ڈمپر کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار لڑکی جاں بحق ہوگئی اور اس کے والد شدید زخمی ہوگئے۔
جاں بحق لڑکی کی شناخت کائنات جبکہ والد کا نام عطر خان بتایا گیا ہے۔ حادثے کے بعد ڈرائیور ڈمپر چھوڑ کر فرار ہوگیا جسے پولیس نے بعد میں گرفتار کرلیا۔
حادثے میں دوسری موٹر سائیکل پر سوار ایک شخص بھی شدید زخمی ہوا، زخمیوں اور لاش کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا گیا۔
ادھر راولپنڈی کے تھانہ ریس کورس کے علاقے قائد آباد میں 10 سالہ بچے کے سر میں گولی لگنے سے شدید زخمی ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق کھیلتے ہوئے الماری سے نکالی گئی پستول اچانک چل گئی، جس کی وجہ سے بچہ زخمی ہوا۔ بچے کو انتہائی تشویشناک حالت میں پمز اسپتال اسلام آباد منتقل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق زخمی بچہ پڑوسی کے گھر نماز پڑھنے گیا تھا اور کھیلتے ہوئے حادثاتی طور پر گولی لگی۔