ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا امکان پیدا ہو گیا ہے، سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے دسمبر کی ایڈجسٹمنٹ سے متعلق درخواست نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں جمع کرا دی ہے۔
سی پی پی اے کی جانب سے جمع کرائی گئی درخواست کے مطابق دسمبر کے دوران 8 ارب 48 کروڑ 70 لاکھ یونٹس بجلی پیدا کی گئی، جبکہ تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کو 8 ارب 20 کروڑ 80 لاکھ یونٹس بجلی فراہم کی گئی۔ اس مدت میں بجلی کی فی یونٹ لاگت 9 روپے 62 پیسے رہی۔
نیپرا اس درخواست پر 29 جنوری کو سماعت کرے گا، جس کے بعد ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ سے متعلق فیصلہ متوقع ہے، جس کا اطلاق صارفین کے بجلی بلوں پر کیا جا سکتا ہے۔