امریکہ نے گرین لینڈ کی سیکیورٹی کے معاملات میں براہِ راست مداخلت کا اعلان کر کے عالمی سطح پر ہلچل مچا دی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے بیان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ گرین لینڈ کی حفاظت اب امریکہ کے دائرہ اختیار میں آئے گی اور اس اقدام کا مقصد روس کے بڑھتے ہوئے خطرات کا مؤثر جواب دینا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نیٹو برسوں سے ڈنمارک کو خبردار کرتا رہا کہ روسی خطرات پر توجہ دی جائے، لیکن ڈنمارک کی طرف سے مناسب اقدامات نہ ہونے کی وجہ سے امریکہ اب خود یہ ذمہ داری سنبھالے گا۔
صدر ٹرمپ کے اس بیان کے بعد یورپ میں تشویش کی لہر دوڑ گئی، برسلز میں یورپی یونین کے سفارتکاروں کا ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا، جس میں یورپی کمیشن کی صدر نے برطانیہ، فرانس، جرمنی اور دیگر اہم ممالک کے سربراہان سے فوری رابطے کیے۔
اجلاس کے بعد یورپی ممالک نے گرین لینڈ کی خودمختاری کے تحفظ اور روسی خطرات کے پیش نظر مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر اتفاق کیا۔
ادھر امریکی صدر کے یورپی ممالک پر ممکنہ ٹیرف عائد کرنے کے اعلان نے عالمی مالیاتی منڈیوں میں بھی غیر یقینی صورتحال پیدا کر دی۔
یورپی اور بین الاقوامی اسٹاک مارکیٹس میں مندی دیکھنے میں آئی، جبکہ سونے اور چاندی کی قیمتیں تاریخی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔ اقتصادی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اس صورتحال سے نہ صرف یورپی بلکہ عالمی معیشت پر بھی نمایاں اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
سفارتی حلقوں کا کہنا ہے کہ گرین لینڈ کی سیکیورٹی کے حوالے سے امریکہ کا یہ قدم عالمی طاقتوں کے درمیان تعلقات میں نئے تنازعات کو جنم دے سکتا ہے، اور مستقبل قریب میں بین الاقوامی سطح پر اس معاملے پر مزید سنجیدہ مذاکرات متوقع ہیں۔