بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ اور اس کے گرد و نواح میں سردی کی شدت مزید بڑھ گئی ہے۔ شہر کے مختلف حصوں میں ہلکی سے درمیانی بارش کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ قریبی پہاڑی علاقوں میں برفباری کا آغاز ہو چکا ہے۔
محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک مضبوط نظام بلوچستان میں داخل ہو گیا ہے، جس کے باعث بارش، برفباری اور تیز ہوائیں چل رہی ہیں۔
کوئٹہ شہر میں ہلکی بارش کے ساتھ درجہ حرارت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے۔ مضافاتی علاقوں زیارت، کان مہترزئی، چمن، توبہ اچکزئی اور قلعہ عبداللہ میں برفباری جاری ہے، جبکہ مستونگ، سنجاوی، خانوزئی اور مسلم باغ میں بارش کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، نوشکی، ہرنائی اور ژوب سمیت متعدد اضلاع میں برفباری کا امکان موجود ہے، جہاں 2 سے 12 انچ تک برف پڑنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔