کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے شہر قائد کی سڑکوں سمیت دیگر انفرااسٹرکچر کی بحالی اور بہتری کے لیے مجموعی طور پر 21.53 ارب روپے کی منظوری دے دی۔
اجلاس میں صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، چیئرمین پی اینڈ ڈی نجم شاہ اور محکمہ بلدیات کے سینئر افسران شریک ہوئے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی کی سڑکوں کی بحالی سے شہری آمد و رفت میں بہتری آئے گی اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ اجلاس میں میئر کراچی نے شہر کی 409 خستہ حال سڑکوں کی مرمت کی تفصیلات فراہم کیں۔ 7 اضلاع میں 400 سڑکوں پر پیچ ورک اور 9 سڑکوں کی مکمل تعمیر نو کی جائے گی، جبکہ 26 بڑی سڑکوں کی بحالی کے لیے بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
صوبائی وزیر بلدیات نے بتایا کہ سڑکوں، سیوریج اور واٹر سپلائی کے منصوبوں پر مجموعی لاگت 12.57 ارب روپے آئے گی۔ اس کے علاوہ 8.53 ارب روپے کے منصوبے نالوں، اسٹریٹ لائٹس اور دیگر بنیادی ڈھانچے کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے تمام منصوبوں پر شفاف، معیاری اور بروقت کام مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے فنڈز فوری جاری کرنے کے احکامات دیے۔