ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

وفاقی حکومت آپریشن کا ملبہ صوبے پر ڈالنے کی ناکام کوشش کر رہی ہے، شفیع جان

پشاور:خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے معاونِ خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت وادی تیراہ میں ہونے والے آپریشن کا ملبہ صوبائی حکومت پر ڈالنے کی ناکام کوشش کر رہی ہے، جبکہ حقائق پوری قوم کے سامنے آ چکے ہیں۔ انہوں نے وفاقی حکومت کے حالیہ بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وادی تیراہ سے لوگوں کے انخلا سے متعلق وفاقی مؤقف بے بنیاد اور گمراہ کن ہے۔

شفیع جان نے کہا کہ یہ بات اب کسی سے ڈھکی چھپی نہیں رہی کہ وادی تیراہ سے عوام آپریشن کی وجہ سے نقل مکانی پر مجبور ہوئے ہیں، وفاقی وزرا خواجہ آصف اور طلال چوہدری کی قومی اسمبلی میں کی گئی تقاریر ریکارڈ پر موجود ہیں، جن میں آپریشن اور اس کے نتیجے میں ہونے والی نقل مکانی کا واضح اعتراف کیا گیا تھا۔ اس کے باوجود اب حقائق کو مسخ کرنے کی کوشش قابلِ افسوس ہے۔

معاونِ خصوصی کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا وادی تیراہ میں آپریشن کے حوالے سے اپنا مؤقف متعدد بار واضح کر چکے ہیں، صوبائی اسمبلی میں جرگہ امن کے موقع پر تمام سیاسی جماعتوں نے متفقہ طور پر آپریشن کی مخالفت کی تھی اور یہ مطالبہ کیا گیا تھا کہ کسی بھی بڑے فیصلے سے قبل صوبائی حکومت، منتخب نمائندوں، سیاسی جماعتوں اور دیگر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے، اس کے باوجود صوبے کو نظرانداز کیا گیا، جو وفاقی طرزِعمل پر سوالیہ نشان ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے نقل مکانی کرنے والوں کے لیے 4 ارب روپے کے اجرا سے متعلق بیان انتہائی مضحکہ خیز ہے، زمینی حقائق اس کے برعکس ہیں اور صوبائی حکومت نے متاثرین کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے بروقت اقدامات کیے، صوبائی حکومت نے انخلا کرنے والے خاندانوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے فوری طور پر فنڈز جاری کیے اور انتظامی سطح پر ہر ممکن تعاون کیا گیا۔

شفیع جان نے کہا کہ صوبائی حکومت متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کی بحالی، امداد اور بنیادی سہولیات کی فراہمی اس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے وفاقی حکومت پر زور دیا کہ وہ سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے بجائے زمینی حقائق کو تسلیم کرے اور متاثرہ عوام کی مدد کے لیے عملی اقدامات کرے، بحرانوں میں ذمہ داری قبول کرنا ہی درست طرزِ حکمرانی ہے، نہ کہ ایک دوسرے پر الزام تراشی۔

انہوں نے واضح کیا کہ خیبرپختونخوا حکومت امن و استحکام کی حامی ہے، تاہم کسی بھی کارروائی کے نتائج بھگتنے والے عوام کے حقوق کا تحفظ ناگزیر ہے اور اس ضمن میں وفاق اور صوبے کو مل کر ذمہ داری نبھانا ہوگی۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں