پشاور:نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے ریڈیو پاکستان پشاور حملہ کیس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی سمیت دیگر ملزمان کی شناخت سے متعلق تفصیلی رپورٹ جاری کر دی ہے۔
نادرا کے مطابق ملزمان کی شناخت فیشل ریکگنیشن سسٹم (FRS) کے ذریعے ممکن ہوئی۔ اس مقصد کے لیے نادرا کو ایک یو ایس بی موصول ہوئی، جس میں 5 فولڈرز موجود تھے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ یہ فولڈرز وزیراعلیٰ سہیل آفریدی، عامر چمکنی، عرفان سلیم، کامران اور تیمور جھگڑا کے نام سے منسوب تھے۔ ہر فولڈر میں متعلقہ شخص کے پروفائل پیکچرز شامل تھے، جس سے ملزمان کی ممکنہ شناخت میں آسانی ہوئی۔
نادرا نے بتایا کہ FRS سسٹم نے ممکنہ چہرے کی شناخت قومی شناختی کارڈ نمبر کے ساتھ میچ کرنے کی تصدیق کی، قانونی کارروائی کے لیے گراؤنڈ پر تصدیق لازمی ہے، یو ایس بی کے ساتھ بھیجی گئی خط واپس کر دی گئی، جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ کیس میں مزید تکنیکی اور قانونی تصدیق کی ضرورت ہے۔
نادرا کی یہ رپورٹ ریڈیو پاکستان پشاور حملہ کیس میں اہم پیش رفت کے طور پر دیکھی جا رہی ہے اور اس سے تحقیقات میں مدد ملنے کی توقع ہے تاکہ واقعے کے ذمہ داران کو قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔