اسلام آباد:وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے سابق وزیراعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کے بیان کو پاکستان کی سالمیت کے خلاف قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کسی کی جاگیر نہیں ، یہ نہ میری اور نہ ہی عمران خان اور اس کے خاندان کے جاگیر ہے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے علیمہ خان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ علیمہ خان نے بیان دیا ہے کہ عمران خان اگر رہا نہیں ہوتے تو ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کو مل کر صوبہ خیبرپختونخوا کو بند کردینا چاہیے۔
صوبہ بلوچستان میں دہشتگردی کا واقعہ ہو یا خیبرپختونخوا کے حالات، ہم مشکل اور چیلنجنگ حالات سے گزر رہے ہیں ۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے فوجی جوان مادر وطن کے دفاع کےلیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں، جیسے ہم نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا ان تمام چیلنجز سے بھی سرخرو ہوں گے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان اور ان کے خاندان کاکردار تاریخ کے اس موڑ پر کھل کر سامنے آچکا ہے، سابق وزیراعظم اور ان کی جماعت ملک اور صوبہ خیبرپختونخوا کو خدانخواستہ کمزور کرنا چاہتے ہیں۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ اگر صوبہ خیبرپختونخوا وفاق کے ساتھ ورکنگ ریلشن شپ رکھنا چاہتا ہے تو اس جماعت کو یہ بھی قابل قبول نہیں ہے، اس جماعت کی تمام تر سیاست عمران خان کی قید سے شروع ہو کر اسی پرہی ختم ہو جاتی ہے۔