لاہور میں بسنت کی بحالی کے موقع پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف بھی بسنت کی بعض تقاریب میں شرکت کریں گے۔
نواز شریف نے ایک دن اندرونِ شہر بسنت منانے کا خصوصی پروگرام ترتیب دیا ہے، جس میں انہوں نے اپنے قریبی اور پرانے دوستوں کو مدعو کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اس موقع پر نواز شریف اندرونِ شہر کی فضا میں پرانی یادیں تازہ کریں گے اور لاہوری ثقافت سے جڑے روایتی رنگوں کو قریب سے محسوس کریں گے۔ نواز شریف کو لاہوری کلچر سے گہری وابستگی حاصل ہے اور بسنت کے حوالے سے بھی ان کا کردار ہمیشہ نمایاں رہا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ گزشتہ کئی ماہ سے نواز شریف اس بات پر غور و فکر اور مشاورت کرتے رہے کہ بسنت کو محفوظ انداز میں کیسے بحال کیا جا سکتا ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے پنجاب کے کلچر اور ثقافتی سرگرمیوں سے دلچسپی رکھنے والے مختلف افراد اور حلقوں سے متعدد ملاقاتیں بھی کیں۔
نواز شریف بچپن اور لڑکپن کا خاصا وقت اندرونِ شہر لاہور میں گزار چکے ہیں اور بسنت کو پنجاب کا روایتی موسمی تہوار قرار دیتے ہیں۔ ان کا مؤقف ہے کہ بسنت نہ صرف پنجاب کے کلچر کو اجاگر کرتی ہے بلکہ اس سے معاشی سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ لاہور میں 6 سے 8 فروری تک بسنت کا تہوار منایا جا رہا ہے، جس کے لیے صوبائی حکومت، انتظامیہ اور شہریوں کی جانب سے بھرپور انتظامات کیے گئے ہیں اور شہر بھر میں جشن کا سماں ہے۔